بھٹکل:24/ڈسمبر (ایس او نیوز) انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول میں سنیچر کو طلبا کے درمیان مختلف ثقافتی مقابلوں پر مشتمل سالانہ ادبی مقابلوں کا انعقاد ہوا۔
ادبی مقابلوں کے جلسے میں جامعہ مسجد بھٹکل کے امام و خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے مہمان ِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محنت و مشقت طلبا کو اعلیٰ مقام پر پہنچائے گی، سستی و کاہلی سے ترقی پانا ناممکن ہے، طلبا سے کہاکہ تمہاری محنت و کاوشیں ہی تمہاری ملت و قوم کو سماج میں سر اٹھا کر چلنے کا موقع دے گی ، سماج کی ترقی کے لئے زندگی میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی ۔ انجمن کے نائب صدر اول سید عبدالرحمن باطن نے جلسہ کی صدارت کرتے ہوئے اساتذہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہاکہ انہی اساتذہ کی محنت تھی کہ ہم ادبی سطح پر اتنا آگے بڑھے ، اب یہی ذمہ داری موجودہ اساتذہ برادری پر ہے ، وہ اپنے طلبا کو ادبی میدان میں آگے بڑھائیں۔ ڈائس پر ہائی اسکول بورڈ کے سکریٹری عبدالواجد کولا وغیرہ موجود تھے۔ ہائی اسکول کے صدر مدرس شبیر احمد دفعدار نے استقبال کیا تو مولانا شاہین قمر نے مہمان کا تعارف پیش کیا ۔ استاد عبدالرشید مرزانی اور مولانا عبدالحفیظ خان نے نظامت کی۔ مولانا محمد اشرف معلم نے شکریہ اداکیا۔